ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کشمیر: یوم آزادی کی تقریبات کے پیش نظر سخت حفاظتی انتظامات

کشمیر: یوم آزادی کی تقریبات کے پیش نظر سخت حفاظتی انتظامات

Sun, 14 Aug 2022 23:44:22    S.O. News Service

سری نگر،14؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) یوم آزادی کے پیش نظر شہر سری نگر کے قرب و جوار بالخصوص حساس مقامات پر سیکورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ شہر کی سڑکوں اور اہم چوکوں پر ناکوں میں اضافہ کیا گیا ہے، جہاں لوگوں خاص کر موٹر سائیکل سواروں کو روک کر ان کی پوچھ گچھ اور جامہ تلاشی بھی لی جا رہی ہے۔

اتوار کو سول لائنز سری نگر میں بعض جگہوں پر سیکورٹی فورسز نے راہگیروں کو قطاروں میں کھڑا کر کے ان کی جامہ تلاشی لی اور ان کے شناختی کارڈ چیک کئے گئے۔ یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار نے بتایا کہ سری نگر میں حسب سابق یوم آزادی کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کئی مقامات پر نئے ناکے لگا دیئے گئے ہیں جہاں سیکورٹی فورسز اہلکار لوگوں کو خاص کر موٹر سائیکل سواروں کو روک کر ان کے شناختی کارڈ و دیگر کاغذات چیک کر رہے ہیں اور ان سے ضروری پوچھ گچھ بھی کی جا رہی ہے۔ نامہ نگار کے مطابق سری نگر میں پولیس نے ڈرونز کے ذریعے فضائی نگرانی کا سلسلہ اتوار کو بھی جاری رکھا اور لال چوک سمیت مختلف علاقوں میں ڈرون فضا میں گردش کرائے گئے۔


Share: